نیوزی لینڈ کرکٹ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت اسٹار آل راؤنڈر ایمیلیا کر کریں گی۔
سلیکٹرز کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں صوفی ڈیوائین اور سوزی بیٹس کو بھی شامل کیا گیا ہے، تاہم یہ دونوں سینئر کرکٹرز اپنے کیریئر کا آخری عالمی ایونٹ کھیلیں گی اور ٹورنامنٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ٹیم میں تجربہ اور نوجوان ٹیلنٹ کا متوازن امتزاج رکھا گیا ہے تاکہ ایونٹ میں مضبوط کارکردگی دکھائی جا سکے۔ ایمیلیا کر پر بطور کپتان بڑی ذمہ داری عائد ہوگی کہ وہ ٹیم کو نہ صرف متحد رکھیں بلکہ اہم میچز میں کامیابی کی راہ بھی ہموار کریں۔
یہ میگا ایونٹ 12 جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا، جہاں دنیا کی صفِ اول کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم ورلڈ کپ سے قبل میزبان انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی کھیلے گی، جسے تیاریوں کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
