زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم اپنے پہلے دورۂ پاکستان کے لیے کراچی پہنچ گئی ہے، جہاں وہ میزبان پاکستان ویمن ٹیم کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لے گی۔
کراچی پہنچنے پر مہمان ٹیم کا استقبال پاکستان ویمن ٹیم کی منیجر عائشہ اشعر نے کیا۔ دونوں ٹیمیں آج شام 6:30 بجے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کریں گی۔
دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ ون ڈے میچز 4، 6 اور 9 مئی کو شیڈول ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 12 مئی سے ہوگا، جس کے بعد دیگر میچز 14 اور 15 مئی کو کھیلے جائیں گے۔
تمام میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے، جہاں شائقین کرکٹ کو خواتین کرکٹ کے بین الاقوامی مقابلوں کا سنسنی خیز ایکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔
