پاکستان سپر لیگ کے اہم ایلیمینیٹر مرحلے میں حیدر آباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ملتان کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔
میچ کی فاتح ٹیم ایلیمینیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل آئے گی، جبکہ اس مرحلے کی کامیاب ٹیم فائنل میں پشاور زلمی سے ٹکرائے گی۔
حیدر آباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین نے ٹاس کے بعد کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان کی کوشش ہوگی کہ حریف کو کم اسکور تک محدود رکھا جائے۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار نظر آ رہی ہے اور ان کی ٹیم 200 سے زائد اسکور کرنے کی کوشش کرے گی۔ ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے محمد نواز کو وسیم جونیئر کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔
لیگ مرحلے میں ملتان سلطانز نے مسلسل عمدہ کارکردگی دکھائی اور دوسرے نمبر پر رہی، تاہم آخری دو میچز میں شکست کے باعث تیسری پوزیشن پر آ گئی۔ لاہور میں ٹیم کا ریکارڈ خاصا مضبوط رہا ہے جہاں اس نے پانچ میں سے چار میچز جیتے ہیں۔
دوسری طرف حیدر آباد کنگزمین نے ایونٹ میں شاندار کم بیک کیا۔ ابتدائی چار میچز میں ناکامی کے بعد مسلسل کامیابیوں نے انہیں پلے آف تک پہنچایا، جبکہ آخری لیگ میچ میں ڈرامائی جیت کے ذریعے بہتر نیٹ رن ریٹ پر کوالیفائی کیا۔
میچ کو ٹورنامنٹ کا ایک فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے جہاں دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیے بھرپور مقابلہ کریں گی۔
