ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کا مسئلہ حل ہونا ہے، کسی کو بھی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ڈپلومیسی کا فیصلہ سیاسی قیادت نے کرنا ہے،پانی ایک بنیادی حق ہے، کسی کو حق نہیں کہ وہ 25 کروڑ عوام کے مستقبل سے کھیل سکے، معرکہ حق عسکری و سیاسی قیادت کی بصیرت سے جیتا، انڈس واٹر ٹریٹی کے مطابق 6 دریاؤں کی تقسیم کی گئی، ان 6 دریاؤں پر صرف پاکستان کا حق ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کا مسئلہ حل ہونا ہے، کسی کو بھی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں مغرور دشمن کو عبرتناک شکست دی ، کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لاسکتا ، ہم اُس وقت بھی تیار تھے اور اب بھی تیار ہیں ، کسی نے آزمانا ہے تو آزما لے، ایک سال گزرنے کے بعد بھی پہلگام واقعے کے ثبوت سامنے نہ لائے جاسکے، بھارت خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کرتا ہے، مودی سرکار کا پاکستان پر دہشتگردی کے الزام کا ڈرامہ ہمیشہ کیلئے دفن ہوگیا ۔ ترجمان پاک فوج نے کہا دو جوہری طاقتوں میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا سفیر ہے، چودہ اگست کو عظیم الشان پریڈ ہوگی، جس میں عوام کو اپنی پاور پوٹینشل کی چھوٹی سے جھلک دکھائیں گے۔
