واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کیے جانے والے مجوزہ کنسرٹ کو اچانک منسوخ کرتے ہوئے اس کی جگہ "میک امریکا گریٹ اگین” (MAGA) ریلی منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ متعدد گلوکار بہت زیادہ معاوضہ طلب کرتے ہیں جبکہ ان کی موسیقی عوام کو متاثر کرنے میں ناکام رہتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے فنکار شکایات تو بہت کرتے ہیں لیکن ملکی معاملات میں کوئی مثبت کردار ادا نہیں کرتے۔
ٹرمپ کے مطابق اب کنسرٹ کے بجائے ایک بڑی عوامی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں وہ خود خطاب کریں گے اور امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کو نئے انداز میں منانے کا پیغام دیں گے۔
رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کے غیر منافع بخش گروپ Freedom 250 نے پہلے 16 روزہ جشن کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت واشنگٹن کے نیشنل مال میں موسیقی کی تقریبات اور کنسرٹس کا انعقاد ہونا تھا۔
تاہم امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران کئی معروف گلوکاروں اور فنکاروں نے ان تقریبات میں پرفارم کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد کنسرٹ کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے تھے۔
اب نئی منصوبہ بندی کے تحت 24 جون کو صدر ٹرمپ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے، جہاں وہ امریکا کی تاریخ، قومی شناخت اور اپنی سیاسی تحریک "میک امریکا گریٹ اگین” کے حوالے سے خطاب کریں گے۔
