وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور عوامی مقامات کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے گلگت بلتستان انتخابات کیلئے سیکیورٹی اداروں کی تیاریوں پر بھی وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی، کہا انتخابات کے پُرامن، شفاف اور منظم انعقاد کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے، ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں۔
وزیراعظم نے وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا، کہا امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کیلئے اداروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان انتخابات کیلئے مؤثر سیکیورٹی انتظامات پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی، کہا حکومت جمہوری عمل کے فروغ اور شفاف انتخابات کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
