کراچی: پاکستانی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایت کار اور فلم ساز شمعون عباسی نے کراچی کی مبینہ منشیات فروش انمول عرف ’’پنکی‘‘ کی زندگی پر مبنی مجوزہ ڈراما سیریل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے موضوعات کو ٹی وی اسکرین پر پیش کرنے کے بجائے دیگر مثبت اور تعمیری کہانیوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر جاری اپنے بیان میں شمعون عباسی نے سوال اٹھایا کہ معاشرے میں خواتین کی کامیابی، جدوجہد اور حوصلہ افزائی سے متعلق بے شمار متاثر کن کہانیاں موجود ہیں، ایسے میں ایک متنازع شخصیت کی زندگی کو ڈرامائی شکل دینے کی ضرورت کیوں محسوس کی جا رہی ہے۔
انہوں نے ان خبروں پر بھی ردعمل دیا جن کے مطابق اداکارہ صبا قمر کو اس مجوزہ منصوبے میں مرکزی کردار کے لیے زیر غور لایا جا رہا ہے۔ شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ صبا قمر پاکستان کی بہترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور اپنی شاندار اداکاری کی بدولت کسی بھی کردار کو انتہائی مؤثر انداز میں نبھا سکتی ہیں، جس کے باعث ناظرین کردار سے متاثر بھی ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے صبا قمر کے معروف ڈرامے ’’کیس نمبر 9‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا منصوبہ تھا جس نے معاشرے میں مثبت شعور اجاگر کیا اور ہراسانی جیسے اہم سماجی مسئلے پر عوامی توجہ مبذول کرائی۔ ان کے مطابق جب ایک فنکار مثبت پیغام دینے والے کرداروں کے ذریعے معاشرے پر اچھا اثر ڈال سکتا ہے تو پھر اسے ایک منفی کردار کو نمایاں کرنے کے لیے استعمال کرنا مناسب نہیں۔
شمعون عباسی نے مزید کہا کہ اگر انمول عرف پنکی کی کہانی کو عوام تک پہنچانا مقصود ہے تو اسے فلم کی صورت میں پیش کیا جانا چاہیے، کیونکہ فلم دیکھنا ناظرین کا ذاتی انتخاب ہوتا ہے، جبکہ ٹی وی ڈرامے گھروں میں ہر عمر کے افراد خصوصاً نوجوان نسل تک آسانی سے پہنچ جاتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کسی ایسے شخص کی زندگی کو ڈرامائی انداز میں پیش کرنا جس پر سنگین جرائم کے الزامات ہوں، ایک حساس معاملہ ہے اور اس ضمن میں غیر معمولی احتیاط کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ تفریح کے نام پر منفی کرداروں کو غیر ارادی طور پر مقبولیت حاصل ہو جائے۔
اداکار نے اس منصوبے کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک واقعے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش بھی قرار دیا اور کہا کہ وہ اس منصوبے کے پس منظر میں موجود بعض افراد کو جانتے ہیں، تاہم اپنی رائے کے اظہار میں کوئی جھجھک محسوس نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ اطلاعات کے مطابق سیونتھ سکائی پروڈکشنز کراچی کی مبینہ ’’ڈرگ کوئین‘‘ انمول عرف پنکی کی زندگی پر مبنی بایوگرافیکل ڈرامہ تیار کرنے پر غور کر رہی ہے، جبکہ اس کے اسکرپٹ کے لیے معروف صحافی اور مصنف شاہ زیب خانزادہ کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔
پاکستان میں حقیقی جرائم پر مبنی فلموں اور ڈراموں پر ماضی میں بھی بحث ہوتی رہی ہے۔ چند برس قبل سیریل کلر جاوید اقبال کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’’جاوید اقبال: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف اے سیریل کلر‘‘ بھی تنازع کا شکار رہی تھی اور اسے سنیما گھروں میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
