ترجمان آئی جی آزاد کشمیر پولیس کے مطابق راولاکوٹ میں شرپسند عناصر کو منتشر کرکے امن و امان بحال کردیا گیا، پرتشدد عناصر کی فائرنگ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے 3افراد اپنی ہی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی نے گزشتہ روز راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال خراب کی، پرتشدد عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کی،سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ کیا، مسلح شرپسندوں نے مختلف مقامات پر آگ لگائی،سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔
بیان کے مطابق قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے 7اور8جون کی درمیانی شب سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ ختم کرایا، 6 جون سے اب تک پرتشددعناصر کی فائرنگ سے قانون نافذ کرنےوالےاداروں کے4اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ کالعدم ایکشن کمیٹی کے 3افراد اپنی ہی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
ترجمان آئی جی پولیس آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کو منتشر کرکے امن و امان بحال کردیا گیا ہے، بیشتر شاہراہیں ٹریفک کیلیے کھلی ہیں، بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہیں، آزاد کشمیر پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنےوالے ادارے عوام کے تحفظ اور ریاستی رٹ کیلیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
بیان کے مطابق جام شہادت نوش کرنے والے وطن کے بیٹوں کی نماز جنازہ جلد سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائےگی، کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح اورپرتشدد شرپسندوں کےخلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ کالعدم ایکشن کمیٹی یا اس سے وابستہ کسی بھی سرگرمی میں شرکت نہ کریں۔
