بارشوں کے نئے اسپیل کا آغاز،پنجاب اورخیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
لاہورسمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جس سےدرجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی،سیالکوٹ میں بارش اورگہرے بادلوں کےباعث دن کےوقت رات کاسماں نظر آیا،گجرات اور نواحی علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش سےمتعدد بجلی فیڈر ٹرپ کر گئےجس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
پنڈی بھٹیاں،خانقاہ ڈوگراں،گوجرخان، میانوالی اورظفروال میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا،مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ ہونےوالی بارش سےموسم خوشگوار ہوگیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کےمختلف علاقوں میں طوفانی بارش سےموسم سہاناہوگیا،مردان اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اورژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا،صوابی میں شدید آندھی کے ساتھ موسلا دھاربارش اورژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا،طوفانی ہواؤں کے باعث متعدد بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے، فتح جنگ اورمضافاتی علاقوں میں بھی گرج چمک کیساتھ تیزبارش کاسلسلہ شروع ہوگیا۔
گرم اور خشک موسم رہنے کے بعد پی ڈی ایم اے نے آج سے 20 جون تک لاہور سمیت صوبے بھر میں آندھی اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
