پاکستان میں آبادی اور ترقیاتی ایجنڈے کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات قابلِ تحسین ہیں، یو این ایف پی اے

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی (UNFPA ) نے پاکستان میں آبادی اور ترقیاتی ایجنڈے کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے حالیہ اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں عوام، خصوصاً خواتین اور نوجوانوں کی صحت، حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

پاکستان میں یو این ایف پی اے کے نمائندے ڈاکٹر لوئے شبانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ مالیاتی، قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات حکومت کے بڑھتے ہوئے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

یو این ایف پی اے نے خواتین کی حفظانِ صحت کی مصنوعات پر تمام ٹیکس ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کو تاریخی اقدام قرار دیا۔ بیان کے مطابق اس فیصلے سے تولیدی صحت سے متعلق ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئے گی، خصوصاً محروم طبقات کو فائدہ پہنچے گا، خاندانی منصوبہ بندی تک رسائی بہتر ہوگی، زچہ و بچہ کی صحت کے نتائج میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو تولیدی فیصلوں کے حوالے سے باخبر انتخاب کا موقع ملے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک میں بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔ کم عمری کی شادی کی روک تھام سے متعلق قانون سازی، جس میں لڑکیوں کی شادی کی کم از کم قانونی عمر 18 سال مقرر کرنے کی کوششیں شامل ہیں، نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ کی جانب اہم قدم ہیں۔

یو این ایف پی اے کے مطابق جنسی تشدد کے خلاف تحفظ کو مضبوط بنانے کے اقدامات اور تولیدی صحت کے بل پر جاری پیش رفت خواتین، بچیوں اور دیگر کمزور طبقات کے لیے زیادہ محفوظ ماحول کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔

ادارے نے وزیراعظم کی سربراہی میں نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کو بھی سراہا، جس میں وزرائے اعلیٰ سمیت اہم حکومتی نمائندے شامل ہیں۔ بیان کے مطابق کونسل آبادی اور ترقی سے متعلق امور پر بہتر ہم آہنگی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے اور وفاقی و صوبائی سطح پر آبادی سے متعلق مسائل کو قومی منصوبہ بندی اور پائیدار ترقی کے اہداف میں شامل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

بیان میں کہا گیا کہ نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کے فریم ورک کو جامع آبادیاتی نظم و نسق اور انسانی ترقی کے اہداف کے فروغ کے لیے استعمال کرنے سے متعلق جاری مشاورت بھی خوش آئند ہے۔ صوبائی مراعات کو آبادیاتی اور سماجی نتائج سے منسلک کرنے سے ملک بھر میں زیادہ مساوی ترقی اور نتائج کے حوالے سے جوابدہی کو فروغ مل سکتا ہے۔

یو این ایف پی اے نے زور دیا کہ ان مثبت پیش رفتوں کے باوجود مسلسل ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ ادارے نے حکومت پر زور دیا کہ خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کی خدمات تک رسائی کو مزید وسعت دی جائے، حفاظتی قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، نوعمر لڑکیوں اور نوجوانوں میں سرمایہ کاری کی جائے اور آبادی سے متعلق امور کو قومی و صوبائی منصوبہ بندی میں مکمل طور پر شامل کیا جائے۔

بیان کے اختتام پر یو این ایف پی اے نے پاکستان حکومت کے ساتھ اپنی شراکت داری جاری رکھنے اور پالیسی اقدامات کو عوامی زندگی میں دیرپا بہتری میں تبدیل کرنے کے لیے تکنیکی اور تزویراتی معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے