ایران فٹبال فیڈریشن نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران اپنی قومی ٹیم پر عائد سفری پابندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ فیفا کے سامنے اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی فٹبال فیڈریشن کے مطابق ایونٹ منتظمین کی جانب سے نافذ کردہ سفری ضوابط کے باعث قومی ٹیم کی تیاریوں کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے، جس سے کھلاڑیوں کو مناسب آرام اور پریکٹس کے مواقع میسر نہیں آ رہے۔
ترجمان ایران فٹبال فیڈریشن نے بتایا کہ فیڈریشن نے منتظمین سے درخواست کی تھی کہ قومی ٹیم کو بیلجیم کے خلاف اپنے دوسرے میچ سے دو روز قبل لاس اینجلس پہنچنے کی اجازت دی جائے، جہاں یہ اہم مقابلہ اتوار کو کھیلا جانا ہے، تاہم منتظمین نے یہ درخواست مسترد کر دی۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ٹیم کی تیاریوں کا مکمل شیڈول کافی پہلے جمع کرا دیا تھا اور تکنیکی بنیادوں پر قبل از وقت آمد کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا تھا، لیکن اس کے باوجود ٹیم کو بار بار غیر معمولی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس فیفا ٹاسک فورس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینڈریو جیولیانی کا کہنا ہے کہ ایران کو پہلے ہی واضح طور پر آگاہ کر دیا گیا تھا کہ ٹیم کو میچ سے صرف ایک دن قبل امریکا میں داخلے کی اجازت دی جائے گی اور مقابلے کے اختتام کے بعد اسی شام واپس روانہ ہونا ہوگا۔
