ایران اور پاکستان کے تعلقات میں نئی پیش رفت، صدر پزشکیان اور محسن نقوی کی ملاقات میں معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کے معاہدے تک پہنچنے والے سفارتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تہران علاقائی سفارت کاری میں اسلام آباد کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے سنجیدہ عزم رکھتا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی اسنا کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے وفد کے ہمراہ تہران میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سفارتی پیش رفت اور جنگ بندی معاہدے کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات کے دوران جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کے معاہدے کی راہ ہموار کرنے کے لیے پاکستان کی حکومت کی جانب سے اختیار کیے گئے برادرانہ، ذمہ دارانہ اور مثبت رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے سفارت کاری کے عمل کو آگے بڑھانے اور مذاکرات کے ذریعے حاصل ہونے والے نتائج کو مستحکم بنانے میں نہایت مؤثر اور تعمیری کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ خطے میں امن، استحکام اور مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں خصوصاً اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کے میدان میں تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کے بقول دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کی وسیع صلاحیتیں موجود ہیں جنہیں عملی منصوبوں کے ذریعے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایران کے وزیر داخلہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ اس وفد میں زراعت، صنعت، تجارت، معدنیات، اقتصادی امور اور مالیات کے وزراء بھی شامل ہوں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارتی روابط اور مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے صدر پزشکیان سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی کامیابی کا خیر مقدم کیا اور ایرانی قیادت کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیبات، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر حکام کی سفارتی کاوشوں کو خطے میں استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔

پاکستانی وزیر داخلہ نے رہبر معظم انقلاب حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی ہدایات اور ان کے اسٹریٹجک کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بحران کے خاتمے اور جنگ بندی کے قیام میں ایرانی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی نے اہم کردار ادا کیا۔

محسن نقوی نے زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات محض ہمسائیگی تک محدود نہیں بلکہ اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اقتصادی، تجارتی اور سیکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو نئی سطح تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے