ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، نور خان ایئر بیس پر شاندار استقبال

ایرانی صدرمسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پرپاکستان پہنچ گئے، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے نور خان ایئر بیس پر مہمان کا استقبال کیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ائیر فورس کے جے ایف  17 تھنڈرز نےمہمان کو پاکستانی فضائی حدود میں سلامی  پیش کی جبکہ ایرانی صدر کی آمد کے موقع پر 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

مسعود پزشکیان کے استقبال کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو بھی نور خان ایئر بیس پر موجود تھے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دورےکےدوران ایرانی صدرقیادت سے دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کریں گے، مسعود پزشکیان کے ہمراہ وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے ۔

دورے کے دوران صدر پزشکیان صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف سے ملاقات شیڈول ہے۔

ایرانی صدرچیئرمین سینیٹ ،اسپیکرقومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے،ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔

دورےکےدوران دونوں فریق دوطرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جائزہ لیں گے، تجارت،توانائی،سرحدی سلامتی اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہو گی۔

ترجمان کاکہناتھا کہ یہ دورہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد بات چیت کا ایک اہم موقع فراہم کرےگا،یہ دورہ خطےمیں امن واستحکام اور پائیدار ترقی کیلئے مشترکہ خواہش کا عکاس ہے۔

ذرائع کاکہناہےکہ امریکا اور ایران کےدرمیان پاکستانی ثالثی پروزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جائےگا، دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور اعلیٰ سطح کے رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ملاقاتوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے سابق معاہدوں پر پیشرفت اور عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ خطے کی مجموعی صورتحال،باہمی تعاون اور مشترکہ مفادات کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے