پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی کی کاوشوں کے نتیجے میں جنوبی کوریا کی مردوں کی قومی ہاکی ٹیم 27 جولائی سے 9 اگست 2026 تک پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں وہ قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ تربیتی کیمپ اور متعدد پریکٹس میچز میں حصہ لے گی۔
پی ایچ ایف کے مطابق جنوبی کوریا کا 25 رکنی وفد پاکستان آئے گا، جس میں 20 کھلاڑی اور 5 آفیشلز شامل ہوں گے۔ دورے کے دوران کورین ٹیم اسلام آباد میں خصوصی تربیتی کیمپ میں شرکت کرے گی اور جدید ہاکی انفرااسٹرکچر سے استفادہ کرتے ہوئے باقاعدہ ٹریننگ سیشنز کرے گی۔
دورے کے اہم حصے کے طور پر جنوبی کوریا کی ٹیم پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے خلاف کئی پریکٹس میچز کھیلے گی۔ ان مقابلوں کا مقصد دونوں ٹیموں کی بین الاقوامی سطح پر تیاریوں کو مزید مؤثر بنانا اور کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی مسابقتی ہاکی کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے جنوبی کوریا کی ٹیم کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کی مضبوط ہاکی ٹیم کا پاکستان کا دورہ ملکی ہاکی کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق اس سے قومی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی ٹیم کے خلاف کھیلنے کا قیمتی موقع ملے گا، جو ان کی فنی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ بین الاقوامی ہاکی برادری پاکستان کے کھیلوں کے انفرااسٹرکچر، سازگار ماحول اور سکیورٹی انتظامات پر اعتماد کر رہی ہے۔
