پاکستان فٹبال فیڈریشن نے عدیل رزکی کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقرر کر دیا، یکم جولائی سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے قومی فٹبال کی تکنیکی ترقی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے عدیل رزکی کو فیڈریشن کا نیا ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔ وہ یکم جولائی 2026ء سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

پی ایف ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عدیل رزکی 2019ء کے بعد فیڈریشن کے پہلے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ہوں گے۔ وہ پاکستان میں فٹبال کی مجموعی تکنیکی ترقی، کوچنگ کے معیار میں بہتری اور طویل المدتی قومی حکمت عملی کی تشکیل کی قیادت کریں گے۔

عدیل رزکی اس سے قبل پاکستان ویمنز نیشنل فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے پاکستان مینز نیشنل ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کے اسسٹنٹ کے طور پر بھی کام کیا، جہاں قومی ٹیم نے مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔

اعلامیے کے مطابق عدیل رزکی یوئیفا اے لائسنس ہولڈر ہیں اور اپنی نئی ذمہ داری میں ملک بھر میں گراس روٹس فٹبال، ویمنز فٹبال، یوتھ فٹبال، کوچز کی تربیت اور دیگر تکنیکی شعبوں کے لیے ایک مربوط اور طویل المدتی ترقیاتی پروگرام تشکیل دیں گے تاکہ پاکستان میں فٹبال کے ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ وہ تکنیکی اور کوچنگ سے متعلق تمام امور پر پی ایف ایف ایگزیکٹو کمیٹی کو مشاورت بھی فراہم کریں گے اور قومی فٹبال پروگرام کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اس تقرری کو پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فٹبال فیڈریشن میں تکنیکی ترقی بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور ٹیکنیکل ڈائریکٹر قومی فٹبال پروگرام کی سمت متعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے