پارٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو بھجوا دیا ہے، سردار تنویر الیاس آزاد کشمیر میں انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پر شدید ناراض تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ انہیں وسطی باغ سے پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا جس پر انہوں نے اپنے حلقوں سے ٹکٹ نہ ملنے پر تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔
دوسری جانب ذرائع کا یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ سردار تنویر الیاس اپنی قریبی سیاسی ساتھیوں سے مشاورت کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ جلد پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے آئندہ سیاسی لائحۂ عمل کا اعلان کریں گے۔
علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے دیرینہ کارکنوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو پرانے کارکنوں پر فوقیت نہیں دی جائے گی۔
ذرائع نے کہا کہ ٹی ٹکٹ خالصتاً میرٹ پر دیے جائیں گے، جبکہ ٹکٹوں سے محروم رہنے والے دیرینہ کارکنوں کو منانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔
مزید برآں پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی سے متعلق بیانات دینے پر سردار تنویر الیاس کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا جائے گا۔
