اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی غزہ میں ایک فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ کے ایک پلاٹون کمانڈر کو شہید کر دیا گیا، جسے اسرائیلی فوج نے اپنی فورسز کے لیے "براہِ راست خطرہ” قرار دیا تھا۔
آئی ڈی ایف کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے کمانڈر کی شناخت عادل جہاد محمد عسفور کے نام سے کی گئی ہے، جو حماس کے عسکری ونگ میں پلاٹون کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ عسفور جنگ کے دوران اسرائیلی فوجیوں پر سنائپر حملوں اور دھماکا خیز مواد (IEDs) کے ذریعے حملوں میں ملوث رہے، جبکہ حالیہ عرصے میں وہ مزید حملوں کی منصوبہ بندی اور حماس کی عسکری صلاحیتوں کی بحالی کے لیے بھی سرگرم تھے۔
