وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے استنبول میں ملاقات کی جس دوران تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور توانائی سمیت اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان ترکیہ اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے کہا کہ تنازعات کے حل کیلئے سفارت کاری اور مذاکرات ہی مؤثر راستہ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کی میزبانی پر اظہار تشکر کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور بلند ترین سطح پر لے جائیں گے،آج ہی میں نے پاکستان ترکیہ بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ بی ٹو بی کانفرنس میں ترکیہ کے کاروباری افراد سے ملاقات کا موقع ملا۔ ترک صدر کے مثبت جذبے،جدت پسندی اور کاروباری عزم نے میرے یقین کو مزید مضبوط کیا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔
