وسیم عباس نے صبا حمید سے طلاق کی تصدیق کر دی، 29 سالہ رشتہ ختم ہونے کی وجہ بھی بتا دی

وسیم عباس نے پہلی مرتبہ تصدیق کی ہے کہ ان کی اور صبا حمید کی ازدواجی زندگی کئی برس قبل ختم ہو چکی تھی، جبکہ قانونی طور پر ان کی شادی 29 سال بعد اختتام پذیر ہوئی۔

ایک حالیہ انٹرویو میں وسیم عباس نے بتایا کہ صبا حمید کے ساتھ ان کی دوسری شادی تقریباً 29 برس تک قائم رہی، تاہم دونوں گزشتہ 14 برس سے علیحدہ رہ رہے تھے۔

اداکار کے مطابق علیحدگی کے باوجود دونوں کے درمیان احترام اور خوشگوار تعلقات برقرار رہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران وہ مختلف ڈراموں میں ایک ساتھ کام بھی کرتے رہے اور بعض اوقات دوستوں کی طرح ملاقاتیں اور کھانے پر بھی جاتے تھے۔

وسیم عباس کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں دوبارہ کسی ڈرامے میں ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ خوشی سے اس پر آمادہ ہوں گے، کیونکہ ان کے دل میں صبا حمید کے لیے کوئی رنجش یا منفی جذبات موجود نہیں۔

طلاق کے حوالے سے اپنے جذبات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس فیصلے پر کوئی افسوس نہیں، کیونکہ وقت کے ساتھ ان کے درمیان جذباتی وابستگی باقی نہیں رہی تھی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان دونوں کی کوئی مشترکہ اولاد نہیں ہے۔

اداکار نے بتایا کہ صبا حمید کے اہل خانہ کے ساتھ بھی ان کے تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے اور وہ محبت سے زیادہ باہمی عزت کو ہر رشتے کی بنیاد سمجھتے ہیں۔

وسیم عباس نے مزید کہا کہ انہوں نے اور صبا حمید نے کبھی میڈیا یا عوامی سطح پر ایک دوسرے کے خلاف کوئی نامناسب بیان نہیں دیا اور ہمیشہ باوقار انداز اختیار کیا۔

اپنی دوسری شادی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت انہیں یہ فیصلہ درست محسوس ہوتا تھا، تاہم آج ماضی پر نظر ڈالیں تو شاید وہ اسے ایک غلط فیصلہ قرار دیں، لیکن انہیں اس رشتے کے خاتمے پر کوئی پشیمانی نہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے