گلوکار طارق طافو کی یاد میں لاہور پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس، فنکاروں کا شاندار خراجِ عقیدت

معروف میوزیکل گھرانے سے تعلق رکھنے والے نامور گلوکار مرحوم طارق طافو کی یاد میں لاہور پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرحوم کے اہلِ خانہ، موسیقی کی دنیا سے وابستہ ممتاز شخصیات، صحافیوں اور مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کی میزبانی معروف گلوکار اور ای ایم آئی پاکستان کے روحِ رواں تنویر آفریدی نے کی، جبکہ شرکاء نے مرحوم کی فنی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تعزیتی تقریب میں پنجاب کی لوک موسیقی کے معروف فنکار عارف لوہار، گلوکار ابرار الحق، عامر غلام علی، بشریٰ صادق، میگھا، عباس جٹ، محمد نور الحسن، مرحوم کے صاحبزادے تابش طافو، عارف بٹ، نعیم وزیر، اجمل دیوان، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، ادریس خان، مشتاق شفائی، نجات علی، ساجد نذیر علی، ساجد علی چھکو، نعیم حنیف اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طارق طافو نے اپنی منفرد آواز اور فنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کی موسیقی کو نئی شناخت دی۔ انہوں نے طافو گھرانے کی روایات کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ انہیں نئی نسل تک بھی منتقل کیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ طارق طافو اور طافو گھرانے کے بغیر پاکستان کی موسیقی کی تاریخ نامکمل محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم اپنی لازوال گائیکی، فنی خدمات اور یادگار نغموں کے باعث ہمیشہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

تقریب کے اختتام پر مرحوم طارق طافو کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے