پنجاب حکومت کے "ستھرا پنجاب” منصوبے کے تحت کام کرنے والے صفائی ورکرز کو مبینہ طور پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کٹوتیوں کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں ورکرز کو مقررہ 40 ہزار روپے ماہانہ کے بجائے صرف 18 ہزار روپے دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ملازمین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ادھر ملتان اور فیصل آباد میں ستھرا پنجاب منصوبے کے ملازمین گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، جس کے باعث ورکرز شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور بروقت ادائیگی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث گندگی اور تعفن پھیلنے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں، جس سے ستھرا پنجاب منصوبے کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
