لاہور میں پنجاب حکومت کے "ستھرا پنجاب” منصوبے کے تحت کام کرنے والے صفائی ورکرز نے تنخواہوں اور بونس کی عدم ادائیگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ورکرز کا دعویٰ ہے کہ حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی مکمل تنخواہ انہیں نہیں ملتی اور ٹھیکیدار مبینہ طور پر رقم کا کچھ حصہ روک لیتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ملازم اس معاملے پر آواز اٹھائے تو اسے نوکری سے نکالنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں یا ملازمت سے فارغ کر دیا جاتا ہے۔
صفائی ورکرز کے مطابق عید کے موقع پر بونس دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا، تاہم تاحال انہیں بونس کی ادائیگی نہیں کی گئی۔
ورکرز نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تنخواہوں اور بونس کی بروقت اور مکمل ادائیگی یقینی بنائی جائے، جبکہ ان کے تحفظات کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
