ارجنٹینا نے سوئٹزرلینڈ اور انگلینڈ نے ناروے کو کوارٹر فائنل میں شکست دے دی

فیفا ورلڈ کپ کے آخری کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سوئٹزرلینڈ کو 3-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔

میچ کے آغاز میں ارجنٹینا نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 10ویں منٹ میں الیکسس میک الیسٹر نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ سوئٹزرلینڈ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 67ویں منٹ میں ڈوئے کے ذریعے گول اسکور کیا، جس کے بعد مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا۔

مقررہ 90 منٹ میں فیصلہ نہ ہونے پر میچ کو اضافی وقت میں لے جایا گیا۔ اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں جولیان الواریز نے ارجنٹینا کے لیے دوسرا گول کر کے ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی، جبکہ کھیل کے آخری لمحات میں ارجنٹینا نے ایک اور گول کر کے کامیابی 3-1 سے اپنے نام کر لی اور سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

دوسری جانب ایک اور کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے ناروے کو 2-1 سے شکست دے کر آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائی۔ انگلینڈ کی جانب سے دونوں گول جوڈ بیلنگھم نے اسکور کیے، جبکہ ناروے کا واحد گول شیلڈروپ نے 36ویں منٹ میں کیا۔

یہ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں انگلینڈ کی چوتھی سیمی فائنل رسائی ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ 1966 میں عالمی چیمپئن بنا تھا جبکہ 1990 اور 2018 کے ورلڈ کپ میں بھی سیمی فائنل تک پہنچا تھا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے