سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے نئی ٹورسٹ پیکیج ویزا سروس کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے اس کے تجرباتی مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس نئے نظام کا مقصد بین الاقوامی سیاحوں کے لیے ویزا، فضائی سفر، ہوٹل بکنگ، سفری انشورنس اور دیگر سیاحتی سہولیات کو ایک ہی مربوط ڈیجیٹل پیکیج میں فراہم کرنا ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق وزارتِ سیاحت کے ترجمان نصر الانصاری نے بتایا کہ اس اقدام سے ویزا کے حصول اور سفر کی منصوبہ بندی کا عمل نہایت آسان ہو جائے گا، جبکہ سعودی عرب نئی سیاحتی منڈیوں اور مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کو بھی اپنی جانب متوجہ کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مملکت کی اس حکمت عملی کا تسلسل ہے جس کے تحت پہلے ہی ای ویزا، ٹرانزٹ ویزا اور آن ارائیول ویزا جیسی سہولیات متعارف کرائی جا چکی ہیں۔ نئی سروس کے ذریعے سیاح ایک منظور شدہ ٹریول اینڈ ٹورازم کمپنی کے ذریعے ویزا، فضائی ٹکٹ، رہائش، سفری انشورنس اور دیگر سہولیات ایک ہی الیکٹرانک بکنگ میں حاصل کر سکیں گے۔
وزارت کے مطابق اس نظام میں سیاحتی تقریبات، تفریحی سرگرمیوں اور ثقافتی تجربات کے ٹکٹ بھی پیکیج میں شامل کیے جا سکتے ہیں، جس سے سیاحوں کو زیادہ منظم اور سہل سفری تجربہ حاصل ہوگا۔
نصر الانصاری نے بتایا کہ اس اقدام سے نہ صرف سفری کارروائیاں آسان ہوں گی بلکہ سیاحوں کے قیام کی مدت، سیاحتی اخراجات اور مقامی معیشت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق سیاحت کے شعبے کو مزید وسعت دینے اور قومی آمدنی میں اس کے کردار کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وزارتِ سیاحت نے خدمات کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے منظور شدہ ٹریول کمپنیوں کے لیے متعدد ضابطے بھی مقرر کیے ہیں، جن میں 24 گھنٹے کال سینٹر، تکنیکی معاونت اور مرکزی ڈیجیٹل نظام سے مکمل ربط شامل ہے۔
