پاکستان اور سعودی عرب میں توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق، اویس لغاری کی سعودی انرجی ورکنگ گروپ سے اہم ملاقات

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں پاکستانی پاور سیکٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے ریاض میں سعودی انرجی ورکنگ گروپ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر توانائی نے سعودی وفد کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری جامع اصلاحاتی پروگرام سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت ادارہ جاتی اصلاحات، بہتر طرز حکمرانی، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی پائیداری کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت پاکستان نجی شعبے کی مؤثر شمولیت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور صاف توانائی کو مؤثر انداز میں قومی نظام کا حصہ بنانے کے لیے ٹرانسمیشن گرڈ کی توسیع ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر پاکستان کے توانائی مستقبل کی بنیادی ضرورت ہے، جبکہ پاور سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن حکومتی اصلاحاتی حکمت عملی کا اہم ستون ہے۔ اس موقع پر سعودی وفد کو سمارٹ میٹرنگ اور ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر (AMI) کے نفاذ سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ سمارٹ میٹرنگ کے ذریعے بجلی کے تکنیکی اور تجارتی نقصانات میں نمایاں کمی لائی جا سکے گی، تقسیم کے نظام کی کارکردگی بہتر ہوگی اور صارفین کو زیادہ شفاف، مؤثر اور معیاری خدمات فراہم کرنا ممکن ہوگا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے