چین کے شہر ہائیکو میں جاری اے وی سی بوائز انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو شکست دے کر پانچویں پوزیشن کے میچ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کوارٹر فائنل میں میزبان چین کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں شکست کے باوجود ٹیم نے اپنے حوصلے بلند رکھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے بھرپور عزم، ٹیم ورک اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، جبکہ اب پوری توجہ تھائی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرکے ایشیا میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔
پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب اور صدر سہیل خاور میر نے قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کے خلاف فتح نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد، مہارت اور مضبوط اعصاب کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوارٹر فائنل میں سخت مقابلے کے بعد ذہنی طور پر واپسی آسان نہیں ہوتی، لیکن پاکستانی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر بین الاقوامی ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور تجربے میں اضافے کا بہترین موقع ہوتا ہے، جبکہ اس چیمپئن شپ نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے پاس ایشیا کی مضبوط ٹیموں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھنے والے باصلاحیت نوجوان موجود ہیں۔
فیڈریشن حکام نے کوچنگ اسٹاف، ٹیم مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ منظم تیاری اور مؤثر حکمت عملی ہی ٹیم کی مسلسل بہتر کارکردگی کی بنیاد بنی۔
پاکستان اب 18 جولائی کو پانچویں پوزیشن کے میچ میں تھائی لینڈ کا سامنا کرے گا۔ یہ مقابلہ چین کے شہر ہائیکو کے وو یوان ریور جمنازیم کے کورٹ نمبر ایک میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کھیلا جائے گا۔ اس میچ کے نتیجے میں ٹورنامنٹ میں پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا فیصلہ ہوگا۔
