ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے شرناق میں منعقد ہونے والی ایک شاہانہ شادی گزشتہ دو روز سے ملکی اور بین الاقوامی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں دولہا اور دلہن کو 60 لاکھ ترک لیرا (تقریباً ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر) مالیت کے تحائف دیے گئے، جبکہ مہمانوں کی ضیافت کے لیے 35 بھیڑیں ذبح کی گئیں۔
یہ دو روزہ شادی کی تقریب شرناق کے بوشہاب علاقے کے گاؤں موتلوجا میں منعقد ہوئی، جس میں ترکیہ کے مختلف شہروں اور بیرون ملک سے ہزاروں مہمان شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران روایتی ترک لوک رقص "ہالائے” پیش کیا گیا اور شرکا نے ترکیہ کا بڑا قومی پرچم بھی لہرایا۔
ترک میڈیا کے مطابق دلہن کو سونے کے قیمتی زیورات جبکہ دولہا کو لاکھوں لیرا نقد رقم بطور تحفہ دی گئی۔ مجموعی طور پر تحائف کی مالیت 60 لاکھ ترک لیرا تک جا پہنچی، جس نے اس شادی کو ملکی میڈیا کی نمایاں خبروں میں شامل کر دیا۔
مہمانوں کی تواضع کے لیے 35 بھیڑیں ذبح کی گئیں اور ہزاروں افراد کے لیے خصوصی دعوت کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر مختلف آراء کا اظہار کیا۔
اس منفرد شادی نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ بعض صارفین نے اسے ترکیہ کی قدیم قبائلی اور ثقافتی روایات کا خوبصورت اظہار قرار دیا، جبکہ دیگر نے موجودہ معاشی حالات میں شادی پر اتنی بڑی رقم خرچ کرنے کو غیر ضروری اور فضول اسراف قرار دیا۔
