بھارت میں تعلیمی بدعنوانی، پیپر لیک اسکینڈلز اور بے روزگاری کے خلاف جاری احتجاج کے دوران اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی، رکن پارلیمنٹ پریانکا گاندھی اور متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
راہول گاندھی کی قیادت میں ہونے والے احتجاج میں مظاہرین نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفوں کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ حکومت تعلیمی نظام میں بدعنوانی، مسلسل پیپر لیک واقعات اور نوجوانوں کو درپیش بے روزگاری کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
کانگریس کے احتجاج کا مقصد نوجوان مظاہرین پر مبینہ پولیس تشدد کے خلاف آواز اٹھانا بھی تھا۔ اپوزیشن رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عوامی احتجاج کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
