بلغاریہ نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے فضائی اڈے کے استعمال کی منظوری دے دی

بلغاریہ کی پارلیمان نے امریکا کو مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ فوجی کارروائیوں کی لاجسٹک معاونت کے لیے ملک کے ایک فضائی اڈے کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی قرارداد کے حق میں پارلیمان کے 136 ارکان نے ووٹ دیا، جبکہ 13 ارکان نے مخالفت کی اور 2 ارکان ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا نے گزشتہ جمعہ بلغاریہ سے فضائی اڈے کے استعمال کی باضابطہ درخواست کی تھی، جس کے بعد حکومت نے یہ تجویز پارلیمان میں پیش کی۔ ایوان نے اکثریتی رائے سے اس کی منظوری دے دی۔

منظور شدہ معاہدے کے تحت امریکا کو بلغاریہ کے فضائی اڈے پر زیادہ سے زیادہ آٹھ KC-135 فضائی ایندھن بردار (ٹینکر) طیارے اور 250 امریکی فوجی اہلکار تعینات کرنے کی اجازت ہوگی۔ ان طیاروں کا بنیادی مقصد مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فضائی کارروائیوں کے لیے ایندھن اور لاجسٹک معاونت فراہم کرنا ہے۔

پارلیمانی بحث کے دوران بعض ارکان نے خدشہ ظاہر کیا کہ امریکی افواج کو یہ سہولت فراہم کرنے سے بلغاریہ بالواسطہ طور پر ایران سے متعلق کسی ممکنہ فوجی تنازع کا حصہ بن سکتا ہے، جس کے سفارتی اور سکیورٹی اثرات ملک کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

تاہم بلغاریہ کی حکومت نے ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ اقدام نیٹو کے رکن ملک ہونے کے ناطے اتحادی ذمہ داریوں کی تکمیل کا حصہ ہے اور اس کا مقصد صرف لاجسٹک اور دفاعی تعاون فراہم کرنا ہے، نہ کہ کسی جنگ میں براہِ راست شمولیت۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے