نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) کے وزارتی اجلاس کے موقع پر آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کائو کم ہورن سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آسیان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، رابطہ سازی (کنیکٹویٹی)، سرمایہ کاری اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا اور باہمی مفادات پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متحرک آسیان خطے کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقتصادی، تجارتی اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے آسیان ممالک کے ساتھ قریبی روابط کا خواہاں ہے۔
آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کائو کم ہورن نے پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع، وسیع اقتصادی امکانات اور پاکستان و آسیان کے درمیان موجود مشترکہ مفادات کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع پر زور دیا۔ انہوں نے مشترکہ خوشحالی کے حصول کے لیے دونوں جانب سے قریبی روابط کو نہایت اہم قرار دیا۔
ملاقات کے دوران سیکریٹری جنرل نے حالیہ علاقائی پیش رفت کے تناظر میں کشیدگی میں کمی، مکالمے کے فروغ اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلسل سفارتی کوششیں خطے میں دیرپا امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
