پاکستان سمیت 8 عرب و اسلامی ممالک کی مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت، مشترکہ اعلامیہ جاری

پاکستان سمیت آٹھ عرب اور اسلامی ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی وزراء، آبادکاروں اور اسرائیلی پولیس کی حالیہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے اور انہیں اشتعال انگیز، غیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی جھنڈا لہرانا، انتہا پسند اسرائیلی وزراء کی فوجی سکیورٹی میں موجودگی اور مقدس مقام پر اشتعال انگیز سرگرمیاں ناقابلِ قبول ہیں۔ اعلامیے کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں دو ٹینٹ بھی نصب کیے اور ایسے اقدامات کیے جن سے مذہبی کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ بیت المقدس کے قدیم شہر اور تمام مقدس مقامات تک رسائی پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں اور اسرائیل مسجدِ اقصیٰ میں مسلمانوں کی عبادت میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے۔

اعلامیے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے تاریخی، قانونی اور آبادیاتی تشخص کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے منافی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے