ایشین فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے گروپ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کی مینجمنٹ سے ایک سنگین انتظامی غلطی سامنے آئی، جس کا خمیازہ قومی ٹیم کو شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔
میچ کے دوران پاکستان نے مقررہ پانچ کھلاڑیوں کے بجائے چھ کھلاڑی میدان میں اتار دیے۔ امپائر نے اضافی کھلاڑی کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں پاکستان کے دو کھلاڑیوں کو عارضی طور پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
اس فیصلے کے بعد پاکستانی ٹیم کو کچھ وقت کے لیے صرف تین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا، جس کا بھرپور فائدہ بھارتی ٹیم نے اٹھایا اور گروپ مرحلے کے اس اہم مقابلے میں کامیابی حاصل کر لی۔
رپورٹس کے مطابق یہ شکست کسی تکنیکی یا کھیل کے معیار سے زیادہ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کی انتظامی غفلت کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے، جس پر ہاکی حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
