نیویارک ٹائمز کا دعویٰ: سعودی جوہری معاہدے سے ٹرمپ خاندان اور اتحادیوں کو مالی فائدہ پہنچ سکتا ہے

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ان کے خاندان کے افراد اور بعض قریبی اتحادی سعودی عرب کے ساتھ ممکنہ جوہری توانائی معاہدے سے مالی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ سعودی عرب کے ساتھ سول جوہری توانائی کے تعاون کے معاہدے کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ صدر ٹرمپ کے بیٹوں نے ایسی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے جو جوہری ایندھن کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرمپ کی میڈیا کمپنی بھی ایک جوہری توانائی کے اسٹارٹ اپ کے ساتھ انضمام (Merger) کی کوشش کر رہی ہے۔

نیویارک ٹائمز نے مزید دعویٰ کیا کہ ٹرمپ کابینہ کے بعض اعلیٰ عہدیداروں اور ان کے بڑے سیاسی عطیہ دہندگان کے بھی جوہری توانائی سے وابستہ کمپنیوں کے ساتھ تعلقات ہیں، جنہیں سعودی عرب کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے سے کاروباری فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کی پالیسی سازی قومی مفادات کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، نہ کہ کسی ذاتی یا مالی مفاد کے تحت۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق ایسے دعوے "غیر ذمہ دارانہ” ہیں اور ان سے عوام کا میڈیا پر اعتماد مزید متاثر ہوتا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے