اقوام متحدہ میں یوکرین سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران امریکا اور فرانس کے درمیان انسانی حقوق کے معاملے پر غیر معمولی سفارتی کشیدگی دیکھنے میں آئی، جہاں امریکی وفد نے فرانسیسی مؤقف کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔
امریکی نائب مستقل مندوب ڈین نیگریا نے واک آؤٹ کے بعد فرانس پر الزام عائد کیا کہ وہ "اخلاقی برتری” کا دعویٰ کرتے ہوئے دنیا کو انسانی حقوق سمیت مختلف امور پر لیکچر دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ہر مشکل وقت میں فرانس کا ساتھ دیا، تاہم اب وہ توہین آمیز اور غیر مناسب بیانات کو مزید برداشت نہیں کرے گا۔
یہ کشیدگی اس وقت مزید نمایاں ہوئی جب فرانس نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک کی دوسری مدت کے لیے حمایت کی، جبکہ امریکا نے ان کی دوبارہ تقرری کی مخالفت کی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے وولکر ترک کے حق میں 144 ووٹ دیے جبکہ امریکا ان چند ممالک میں شامل تھا جنہوں نے مخالفت کی۔
