مومنہ اقبال ہراسگی کیس میں اہم پیشرفت، ایم پی اے ثاقب چدھڑ تفتیش میں قصوروار قرار

اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں اوردھمکیاں دینے کے مقدمےمیں این سی سی آئی اے نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کو تفتیش میں قصور وار قرار دیدیا ہے۔

لاہورکی سیشن کورٹ میں اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنےاوردھمکیاں دینے کےمقدمے میں لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ اورانکی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت پرسماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی،مومنہ اقبال کی جانب سےعدنان احسان ایڈووکیٹ جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے رانا معروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کےدوران تفتیشی افسر نےعدالت کوبتایا کہ ثاقب چدھڑ کی حد تک تفتیش مکمل ہوچکی ہے وہ  تفتیش میں قصوروارقرار پائے،ثاقب چدھڑ کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل اپنا موبائل فون این سی سی آئی اے میں جمع کروایا، جسے فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان نے ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی آزادی ان کے لیے خطرے کا باعث ہے۔

عدالت نے وکلاء کو آئندہ سماعت پرحتمی دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کردی۔

این سی سی آئی اے نےاداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

 

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے