بلاول الزامات لگاتے ہوئے بھول گئے کہ آزاد کشمیر میں حکومت کس کی ہے: احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بلاول بھٹو زرداری کے آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی گئی، ساڑھے 6 لاکھ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، عوام نے آزاد کشمیر الیکشن میں کارکردگی کو ووٹ دیا۔

احسن اقبال کا کہناتھا کہ بلاول الزامات لگاتے ہوئے بھول گئے کہ آزاد کشمیر میں حکومت کس کی ہے، بلاول بھٹو صاحب آپ کو گلگت بلتستان میں اکثریت نہیں ملی، کشمیر میں شکست ہو جائے تو کہتے ہیں دھاندلی ہوئی، پیپلزپارٹی نے دھاندلی کا شور مچا کر ماحول خراب کیا۔

طارق فضل چوہدری

طارق فضل چوہدری کا کہناتھا کہ 13 میں سے 9 سیٹوں پر مسلم لیگ ن کو کامیابی ملی ہے، الیکشن انتہائی پر امن ، شفاف اور غیر جانبدار رہے، الیکشن کی شفافیت پرکوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر شفاف انتخابات پر مبارکباد کا مستحق ہے، مسلم لیگ ن کی کامیابی مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی۔

ان کا کہناتھا کہ  ابھی آزاد کشمیر الیکشن کے 2 مرحلے باقی ہیں، مخالفین کے پاس کوئی ترقیاتی منصوبے ہیں تو عوام کے سامنے لائیں، مسلم لیگ ن کےپاس ترقیاتی ماڈلز موجود ہیں جس سے مخالفین محروم ہیں، ہمارے وزرا کوبے جاتنقید کا نشانہ بنایا گیا، وزیراعظم نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔

بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ریاست فیصلہ کرے کہ قومی مفاد زیادہ اہم ہے یا ن لیگ کا مفاد؟ ریاست کا ہر فیصلہ ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دے رہا ہے، آزادکشمیر میں قومی مفاد کے بجائے ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دی گئی۔

مظفرآباد میں ایک اجتماع سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم قومی مفاد میں حکومت اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، ن لیگ کے مفاد میں ہم کسی کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار نہیں، دھاندلی کیلئے مرحلہ وار الیکشن کروائے جارہے ہیں، ریاست کا ہر فیصلہ ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دے رہا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دھاندلی کی کہانی آج سے شروع نہیں ہوئی،ہم قومی مفاد میں خاموش تھے، پچھلے الیکشن کی بات کروں تو بات دور تک چلی جائے گی، ہم آزاد کشمیر کو کبھی مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیں گے، انٹرنیٹ بند کرنے سے آزاد کشمیر مقبوضہ کشمیر لگے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ظلم اور زیادتی، قتل وغارت، ڈکیتی کو جمہوریت کا نام دیا جاتا ہے، تباہی پھیلاتے ہیں اور امن کا نام دیتے ہیں، آزادکشمیر میں جو ہورہا ہے کیا اسے جمہوریت کا نام دے سکتے ہیں؟ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے،کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، ہم اپنی 100فیصد سیٹیں واپس چھین کر رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کی گنتی جو بھی ہو،عوام کی خواہش کے مطابق تیر جیت چکا ہے، انہوں نے وہی کام کیا جو پچھلے الیکشن میں کیا تھا، ہمارا کام ووٹ کا تحفظ کرناہے، گزشتہ الیکشن میں انہوں نے گولیاں چلائیں،ہم نے ووٹ کا تحفظ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھاندلی کیلئے مرحلہ وار الیکشن کروائے جارہے ہیں، ووٹوں کے مطابق چوہدری یاسین نے دونوں نشستیں جیت لی ہیں، ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے