ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مصر کی دمیاط بندرگاہ پر دو جہازوں کو ڈرون حملے کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے کو اسرائیل کا مبینہ "فالس فلیگ آپریشن” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات کا مقصد خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔
اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک کو ایسے مبینہ منصوبوں سے ہوشیار رہنا چاہیے جن کا مقصد کشیدگی میں اضافہ اور علاقائی امن کو سبوتاژ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "ہم سب کو اسرائیل کی ایسی سازشوں اور فالس فلیگ آپریشنز سے خبردار رہنا چاہیے جو خطے کے امن کو نقصان پہنچانے کے لیے کیے جاتے ہیں۔”
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے بڑا اور مشترکہ خطرہ مسلم ممالک کے اتحاد اور علاقائی استحکام کو درپیش ہے، جس کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے۔
