سندھ کے سرکاری اسکولوں میں یکم اگست سے ہفتے میں 6 روز تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم نجی تعلیمی اداروں پر سرکاری اسکولوں کے اوقاتِ کار کا اطلاق نہیں کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں کے ہفتہ وار اوقاتِ کار سے متعلق وضاحتی سرکلر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی ادارے اپنی انتظامی سہولت اور پالیسی کے مطابق ورکنگ ڈیز طے کرنے میں آزاد ہوں گے۔
سرکلر کے مطابق سرکاری اور نجی اسکولوں کے ہفتہ وار اوقاتِ کار الگ ہوں گے جبکہ نجی اسکولوں کو ورکنگ ڈیز کے تعین میں انتظامی خودمختاری حاصل ہوگی۔
خیال رہے کہ سندھ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری اور نجی اسکول یکم اگست سے دوبارہ کھل جائیں گے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں یکم اگست سے باقاعدہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا
