پاک فوج کے ترجمان ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار اور چوکنا ہے۔
امریکی نیوز چینل اسکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان نے کہا بھارت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تو پاکستان کی طرف سے ’ فوری اور یقینی جواب’ دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کا پاکستان کی طرف سے ’ فوری اور یقینی جواب’ دیا جائے گا، اور انہوں نے متنبہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سنگین کشیدگی باہمی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی محاذ آرائی کا آغاز اس وقت ہوا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کا الزام اسلام آباد پر عائد کیا تھا۔
بعدازاں، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب نئی دہلی نے پاکستان پر فضائی حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا، جس کے نتیجے میں پاکستان میں شہریوں کی شہادتیں ہوئیں تھیں، اس کے بعد پاکستان نے جوابی کارروائی شروع کی، یہ سلسلہ چند روز جاری رہا جس کے بعد بالآخر امریکی مداخلت پر فریقین جنگ بندی پر آمادہ ہوئے۔