پاکستان نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ہاکی ٹیسٹ میں جنوبی کوریا کو 3-1 سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ کا پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ دوسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں جنوبی کوریا نے پہلا گول اسکور کرکے برتری حاصل کی اور پہلے ہاف کا اختتام 0-1 سے اپنے حق میں کیا۔
پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں شاندار واپسی کرتے ہوئے عبد الرحمٰن کے گول کی بدولت مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان نے جارحانہ کھیل پیش کیا، جہاں ابو محمد نے مسلسل دو گول کرکے قومی ٹیم کو 3-1 کی اہم فتح دلا دی۔
میچ کے دوران صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے اور انہوں نے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔
