پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے جنوبی کوریا ہاکی فیڈریشن کی جانب سے موصول ہونے والی باضابطہ دعوت قبول کر لی ہے، جس کے تحت قومی ہاکی ٹیم 8 سے 15 ستمبر 2026 تک جنوبی کوریا کا دورہ کرے گی۔
پی ایچ ایف کے مطابق قومی ٹیم ایشین گیمز کے لیے جاپان روانگی سے قبل جنوبی کوریا میں بین الاقوامی میچوں کی سیریز اور تربیتی سیشنز میں حصہ لے گی، جہاں کھلاڑیوں کو مضبوط حریف کے خلاف اعلیٰ معیار کی میچ پریکٹس کا موقع ملے گا۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ اور ایشین گیمز کے درمیانی وقفے میں ہوگا، جس کا مقصد قومی ٹیم کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانا اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مسابقتی ماحول فراہم کرنا ہے۔
پی ایچ ایف نے بتایا کہ سیریز کے حتمی شیڈول، میچز کی تعداد اور دیگر انتظامات جنوبی کوریا ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مشاورت کے بعد طے کیے جا رہے ہیں، جن کا باضابطہ اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے جنوبی کوریا ہاکی فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ قومی ٹیم کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیریز کھلاڑیوں کو ایشین گیمز سے قبل اپنی فارم برقرار رکھنے، بین الاقوامی معیار کی میچ پریکٹس حاصل کرنے اور بڑے ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کا موقع فراہم کرے گی۔
