وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس دوران وزیراعظم نے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کیلئے لائحہ عمل جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کیلئے جامع روڈ میپ تیار کرکے پیش کیا جائے۔سرمایہ کاری کیلئے فنڈز دستیاب ہوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموار کی جائے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی کیلئے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے، پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں ایک مؤثر محرک کا کردار ادا کرسکتا ہے، معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، آئی ٹی اور دیگر شعبے معاشی ترقی کے بنیادی محرک ہیں۔ان شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پبلک ایکویٹی مارکیٹ ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بینکاری شعبے کی جانب سے سرمایہ کاری کا حجم ابھی بھی محدود ہے، متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جائے گا
