عمان میں 4 ملکی علاقائی اجلاس، آبنائے ہرمز اور باب المندب کی بحری سلامتی پر اتفاق

عمان میں 4 ملکی علاقائی اجلاس میں آبنائے ہرمز اور باب المندب کی بحری سلامتی پر اتفاق کرلیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے شرکت کیں، اجلاس میں ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیا گیا۔

شرکاء نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کےلیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جہازوں کی آزادآمدورفت اور عالمی سپلائی چین کے تحفظ پر زور دیا، سعودی بحری دفاعی اتحاد کے قیام کےاقدام کو سراہا گیا۔

قبل ازیں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق وزارتی اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملاقاتوں میں ترکیہ، مصر، اردن اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ تعلقات، فلسطین اور خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ باہمی تعاون، قیام امن اور سفارتکاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے باہمی دلچسپی کے امور کےساتھ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال  پر تبادلۂ خیال کیا۔ مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات، خطے کی تازہ پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

اسحاق ڈار اور اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے بھی سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے لیے اردن کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی کے لیے مکالمے، سفارتکاری اور اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت بین الاقوامی فورمز پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام عبدی علی سے بھی ملاقات کی۔  دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں روابط کو مزید وسعت دینے اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے