جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے معروف اوئینو پارک میں Pakistan Japan Friendship Festival 2026 کا شاندار افتتاح کر دیا گیا، جس میں جاپانی اور پاکستانی شخصیات، سفارتی حکام، پاکستانی کمیونٹی اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر خارجہ شیمادا توموآکی، ٹوکیو میٹروپولیٹن اسمبلی کے رکن ہیرویوکی ناکایاما اور جاپان میں پاکستان کے ناظم الامور حسین حیدر نے مشترکہ طور پر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔
اپنے خطاب میں پارلیمانی نائب وزیر خارجہ شیمادا توموآکی نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور ثقافتی تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔
انہوں نے ایکسپو 2025 اوساکا، کانسائی کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ جاپان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کی مختلف سرگرمیوں، بالخصوص جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
جاپان میں پاکستان کے ناظم الامور حسین حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک جاپان فرینڈشپ فیسٹیول دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی، عوامی روابط اور خیرسگالی کو فروغ دینے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
انہوں نے جاپانی حکومت، منتظمین اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام دونوں اقوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لاتے ہیں اور باہمی اعتماد کو فروغ دیتے ہیں۔
فیسٹیول کی کامیابی میں جاپان میں مقیم معروف کاروباری و سماجی شخصیات رمضان صدیق اور شاکر علی کی مسلسل محنت اور مؤثر منصوبہ بندی کو نمایاں قرار دیا گیا۔
دونوں شخصیات سال بھر اس بین الاقوامی فیسٹیول کی منصوبہ بندی، رابطوں اور انتظامات میں سرگرم رہتی ہیں، جس کے باعث یہ ایونٹ ہر سال کامیابی کے ساتھ منعقد ہوتا ہے۔
پاک جاپان فرینڈشپ فیسٹیول میں لاکھوں جاپانی شہری پاکستان کی ثقافت، روایتی موسیقی، دستکاری، قومی ملبوسات، سیاحتی مقامات اور لذیذ پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
فیسٹیول میں لوک موسیقی، روایتی رقص، ثقافتی نمائشوں اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کا مثبت، پرامن اور خوبصورت تشخص اجاگر کیا جاتا ہے، جبکہ جاپانی عوام بھی بھرپور دلچسپی سے ان سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔
