پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر کو غیر ملکی ویزا درخواست میں حقائق چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے پر دو سال کے لیے تمام ملکی اور بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں سے معطل کر دیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کرکٹر پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق حمزہ نذر نے غیر ملکی ویزا درخواست جمع کراتے وقت بعض اہم حقائق ظاہر نہیں کیے اور غلط معلومات فراہم کیں۔
اس معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم تین رکنی کمیٹی نے کرکٹر کا مؤقف سنا، دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا اور اپنی سفارشات پیش کیں، جن کی بنیاد پر ڈسپلنری کمیٹی نے پابندی اور جرمانے کا فیصلہ سنایا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ غلط بیانی، حقائق چھپانا اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنا پاکستان کرکٹ کے وقار، شفافیت اور پیشہ ورانہ اصولوں کے منافی ہے۔
بورڈ نے واضح کیا کہ ایسے معاملات پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور کھیل کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔
