غزہ، :غزہ کی انتظامیہ کے لیے تشکیل دی گئی فلسطینی ٹیکنو کریٹک کمیٹی نے جنگ سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے عارضی رہائش کی فراہمی کے عملی منصوبے کی تیاری کے مقصد سے دو روزہ شہری ترقیاتی ورکشاپ کا انعقاد کیا ہے۔
نیشنل کمیٹی برائے ایڈمنسٹریشن آف غزہ (NCAG) کے مطابق ورکشاپ کا بنیادی مقصد غزہ میں بے گھر خاندانوں کے لیے عارضی رہائش سے متعلق کیے گئے وسیع وعدوں کو ایک قابلِ عمل اور منظم فراہمی کے منصوبے میں تبدیل کرنا تھا۔
کمیٹی کے مطابق ورکشاپ میں عارضی رہائش کے منصوبوں سے متعلق متعدد اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔
ان میں تعمیراتی منصوبہ بندی کے معیارات، مجوزہ مقامات کے زمینی حالات، جنگی ملبے کی صفائی، تعمیراتی منصوبوں کے بعد سائٹس کے انتظام اور انتظامی و حکومتی امور شامل تھے۔
این سی اے جی کا کہنا ہے کہ اجلاس کے اختتام پر ایک متفقہ ایکشن پلان تیار کیا گیا، جسے غزہ کی وسیع تر بحالی اور تعمیر نو کے پروگرام کا ایک عملی مرحلہ قرار دیا گیا ہے۔
کمیٹی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد غزہ کے بے گھر خاندانوں کے لیے محفوظ اور باوقار رہائش کی فراہمی کی جانب عملی پیش رفت کرنا ہے۔
ورکشاپ کا انعقاد بورڈ آف پیس کے غزہ کے ایلچی نکولے ملاڈینوف اور ٹونی بلیئر انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل چینج کے تعاون سے کیا گیا۔
