پاکستان کے ای اسپورٹس کھلاڑی محمد زبیر نے پیرس میں منعقدہ ٹیکن 8 ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2026 جیت کر ملک کے لیے عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔
محمد زبیر نے گرینڈ فائنل میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی ہائی لو کو 0-5 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فائنل میں محمد زبیر نے اپنے پسندیدہ کردار ڈریگنوو کے ساتھ مقابلہ کیا۔ ہائی لو نے برائن فیوری کو منتخب کیا۔
پاکستانی کھلاڑی نے پورے مقابلے میں شاندار کھیل پیش کیا۔ انہوں نے فیصلہ کن برتری قائم رکھتے ہوئے فائنل 0-5 سے اپنے نام کیا۔
عالمی چیمپئن بننے پر محمد زبیر کو ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ 3 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم بھی دی گئی۔
یہ رقم پاکستانی کرنسی میں 8 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
محمد زبیر نے کامیابی کے بعد اپنی فتح کا راز سخت محنت، لگن اور مسلسل پریکٹس کو قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں مکمل یقین تھا کہ وہ کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں مسلسل پریکٹس نے بھی ان کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد زبیر نے بتایا کہ ان کے ایک قریبی دوست نے بھی تیاری کے دوران ان کے ساتھ کھیل کر اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے اپنے دوست کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ای اسپورٹس ورلڈ کپ جیتنے کی خبر سن کر وہ بہت خوش ہوں گے۔
محمد زبیر نے فائنل تک پہنچنے کے لیے پاکستان کے معروف ٹیکن کھلاڑی ارسلان ایش کو شکست دی۔
انہوں نے لاسٹ چانس کوالیفائر میں ارسلان ایش کے خلاف سنسنی خیز مقابلہ کیا۔ محمد زبیر نے یہ مقابلہ 4-5 سے جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔
ارسلان ایش کو شکست دینا محمد زبیر کی مہم کا اہم ترین مرحلہ ثابت ہوا۔
