سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہاہے کہ یہ واقعہ اوکاڑہ کے شہر رینالہ خورد میں پیش آیا جہاں بس میں موبائل فون چوری ہونے پر ڈرائیور بس نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کو تھانے پہنچا دیا ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈرائیور نے بس کے تمام دروازے بند کیے اور مسافروں سمیت بس کو تھانہ صدر منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق تھانے پہنچنے پر بس میں موجود مسافروں سے پوچھ گچھ اور تلاشی لی گئی، جس کے دوران چوری شدہ موبائل فون برآمد ہوگیا۔
پولیس نے موبائل چوری میں مبینہ طور پر ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔واقعے کی ویڈیو اور خبر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے بس ڈرائیور کی حاضر دماغی اور بروقت کارروائی کو سراہا۔
