خیبر پختونخوا اسمبلی نے اپوزیشن کی غیر موجودگی میں جاری مالی سال کے لئے 121 ارب روپے کے اضافی اخراجات پر مشتمل ضمنی بجٹ کی منظوری دے دی ۔ اپوزیشن نے کٹوتی کی تحاریک کی اجازت نہ ملنے پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکربابرسلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم اور دیگر وزراء نے متعلقہ محکموں کے مطالبات زر ایوان میں پیش کئے۔
مسلم لیگ ن کی رکن ثوبیہ شاہد نے کٹوتی کی تحاریک پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پہلے اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا اورپھر ایوان سے اپوزیشن کے دیگر ممبران کے ہمراہ واک آوٹ کردیا۔
اپوزیشن کی غیر موجودگی میں ایوان نے 59 مطالبات زر کی منظوری دی۔ صوبائی وزیر قانون وخزانہ آفتاب عالم نے رواں مالی سال کے توثیق شدہ جدول اسمبلی میں پیش کیا۔ جاری اخراجات کی مد میں 50 ارب 49 لاکھ روپے جبکہ 71 ارب 73 کروڑ روپے ترقیاتی بجٹ پر خرچ کئے گئے ہیں۔
