اسحاق ڈار کا سعودی عرب، ایران اور کویت کے وزرائے خارجہ سے رابطہ، اہم امور پر تبادلہ خیال

مکہ دفاعی معاہدے کے بعد پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران، سعودی عرب اور کویت کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیئے، جس دوران علاقائی صورتحال، امن و سلامتی اور باہمی تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال،  کویت نے  پاکستان کو سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے پر مبارکباد دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے گفتگو میں علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت، خطے کی بدلتی صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔

اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ نائب وزیراعظم نے اسٹریٹجک تعاون مضبوط بنانے اور علاقائی امن و سلامتی میں کردار ادا کرنے کے مقاصد پر زور دیا۔ عباس عراقچی نے معاہدے کے اہم پہلوؤں سے آگاہ کرنے پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کی، جبکہ دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے بھی رابطہ کیا۔ گفتگو میں پاک کویت تعلقات، مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ دفاعی معاہدے پر پاکستان کو مبارکباد دی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے